سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی ایوان میں موجود جماعتوں کے پارلیمانی رہنمائوں سے الوداعی ملاقاتیں

133
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی ایوان میں موجود جماعتوں کے پارلیمانی رہنمائوں سے الوداعی ملاقاتیں

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ایوان میں موجود جماعتوں کے پارلیمانی رہنمائوں سے الوداعی ملاقاتیں کیں۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر راجہ پرویز اشرف نے منگل کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی رہنما جمہوری وطن پارٹی نواب شاہ زین بگٹی ، پارلیمانی رہنما نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ محسن داوڑ ، رہنما تحریک انصاف محمد افضل ڈھانڈلہ ، رکن پارلیمنٹ محمد اسلم بھوتانی ، پارلیمانی رہنما مسلم لیگ (ق) طارق بشیر چیمہ ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے پارلیمانی رہنما غوث بخش خان مہر اور رکن پارلیمنٹ علی نواز شاہ سے فرداً فرداً ملاقات کی۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نےتمام سیاسی رہنمائوں کو موجودہ اسمبلی میں بھرپور اور مثبت کردار ادا کرنے کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز بھی دیں ۔

ملاقاتوں میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے 15 ویں قومی اسمبلی کی کارروائی میں احسن اور بھرپور طریقے سے کردار ادا کرنے پر پارلیمانی رہنمائوں اور ان کی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کہا کہ پارلیمان پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی امیدوں کا ترجمان ہے۔ہم نے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی جمہوری ذمہ داریاں ادا کیں۔

گزشتہ ڈیڑھ سال کے کم ترین عرصے میں تمام جماعتوں نے ایوان کی بالادستی کے لیے اہم کردار ادا کیا ۔اتنے کم عرصے میں عوامی فلاح و بہبود اور عوامی مفادات کے تحفظ سے متعلق قانون سازی پر پارلیمانی سیاسی جماعتوں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ملاقات کرنے والے پارلیمانی رہنمائوں نے بھی سپیکر قومی اسمبلی کو ایوان کو بھرپور مثبت طریقے سے چلانے پر مبارکباد پیش کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔