اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بنوں کے علاقے جانی خیل میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خود کُش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 9 جوانوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ جمعرات کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف جنگ سے نبردآزما ہیں۔پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نےشہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کے ذریعے سکیورٹی فورسز کے دہشتگردی کے خلاف عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔پوری قوم دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ملک میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری مسلح افواج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی پر مامور جوان ہمارے حقیقی ہیرو ہیں۔سکیورٹی فورسز پر اس طرح کا حملہ دہشتگردوں کا بزدلانہ اقدام ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔