اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت پنجاب یونیورسٹی گوجر خان کیمپس کے حوالے سے جائزہ اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب یونیورسٹی کے گوجر خان کیمپس کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
متعلقہ حکام نے گوجر خان میں یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت سے سپیکر کو آگاہ کیا۔ سپیکر نے متعلقہ محکموں کو گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کی جانب جلد تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس کا فوری آغاز ضروری ہے، گوجر خان اور ملحقہ علاقوں کے طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے سلسلے میں دیگر شہروں میں جانا پڑتا ہے، اعلیٰ تعلیم کے سلسلے میں طلبا کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہوں، عوام کو تعلیم کے شعبے میں درپیش مسائل کو حل کرنا عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے،طلبا کے مسائل کو حل کرنا میری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں سے علاقے میں تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہوں، یونیورسٹی کے قیام سے طلبا کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم ہونگے۔سپیکر نے مزید کہا کہ گوجر خان میں 100 ایکڑ زمین یونیورسٹی کے قیام کے لیے مختص کرائی ہے، جی ٹی روڈ پر یونیورسٹی کے لیے مختص جگہ اعلیٰ تعلیمی سرگرمیوں کے لیے موزوں ہے، یہ جگہ جہلم، گوجر خان، میر پور، ڈوویال، چکوال اور دیگر ملحقہ علاقوں کے سنگم پر واقع ہے۔ گوجر خان میں یونیورسٹی کے قیام سے کشمیر، جہلم، چکوال، کلر سیداں سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبا بھی مستفید ہوں گے۔
سپیکر نے کہا کہ گوجر خان راولپنڈی ڈویژن کا اہم حصہ ہے اور محل وقوع کے اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں کوئی جنرل یونیورسٹی موجود نہیں یہ اپنی نوعیت کی پہلی یونیورسٹی ہوگی۔