اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز( پپس) کو سنٹر آف ایکسی لینس میں تبدیل کرنے کے لئے میرٹ کی پیروی کلیدی حیثیت رکھتی ہے،اس ادارے کے قیام کا مقصد ملک بھر کے اراکین پارلیمنٹ کو معیاری قانون سازی کی آگاہی دینا ہے ،معیاری تحقیق عوام دوست قانون سازی کو یقینی بنانے کیلئے انتہائی اہم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پپس کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
ممبران بورڈ آف گورنرز پپس نے متفقہ طور پر پپس اور دیگر تمام پارلیمانی اداروں میں تقرریوں میں میرٹ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔بورڈ آف گورنرز کے ممبران نے صوبائی اور وفاقی قانون سازوں کے درمیان مضبوط روابط پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اراکین نے قانون سازوں کو معیاری تحقیق پر مبنی ٹرانننگ فراہم کرنے کے لئے پپس کی تحقیقی صلاحیت کو بڑھانے پر بھی زور دیا۔ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سپیکر صوبائی اسمبلی بلوچستان محمد خان جمال، ممبران قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ، مرتضیٰ جاوید عباسی ،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور پپس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔