سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی غزہ کے ہسپتال پر اسرائیل کی بمباری کی شدید مذمت

144
Speaker National Assembly
Speaker National Assembly

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی): سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نےغزہ کے ہسپتال پر اسرائیل کی جانب سے بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے بمباری کے نتیجے میں 500 سے زیادہ نہتے شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

بدھ کو اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل طاقت کے نشے میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے،پاکستان کی پارلیمان اور عوام عالمی برادری سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ فوری مداخلت کرکے اسرائیل کو ایسے ظالمانہ اور وحشیانہ اقدامات سے روکا جائے۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیل طاقت کے نشے میں انسانیت سوز مظالم اور جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے،اسرائیل کا غزہ کے ہسپتال پر حملہ ناقابلِ قبول ہے ۔سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں پر اسرائیل کی جانب سے شدید بمباری غیر انسانی اور غیر قانونی ہے ،فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری بمباری سے ہزاروں نہتے شہری نشانہ بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل فوری طور پر غزہ کی ناکہ بندی ختم کر کے خوراک اور ادویات کی ترسیل یقینی بنائے،پاکستان کی جانب سے فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے امداد کا اعلان جس میں راشن اور ضروریات زندگی کی اشیاء ہیں خوش آئند ہے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ فلسطینی شہداء کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت و تندرستی عطا فرمائے۔