اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قومی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف عمدہ کھیل کا مظاہرہ پیش کیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ کے میڈیا ونگ سے اتوار کو جاری تہنیتی بیان میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا، پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایسے وقت میں کامیابی سمیٹی جب پوری قوم سیلاب سے متاثرہ ہے۔
اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ پوری قوم سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے غمزدہ ہے، ٹیم کی عمدہ جیت سے پاکستانی عوام کو دلی خوشی ملی ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ محمد رضوان اور محمد نواز نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، کرکٹ ٹیم کی جیت ایک ٹیم ورک کی صورت میں ممکن ہوئی جس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی ٹیم کے باصلاحیت کھلاڑیوں پر فخر ہے۔