اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ عوام کا نمائندہ ادارہ ہے، پارلیمنٹ کی بالادستی کو برقرار رکھنا تمام اسٹیک ہولڈرز کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور پارلیمنٹ کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے لیے پارلیمانی رپورٹرز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن تمام رپورٹرز کا نمائندہ ادارہ ہے جو عوام کو پارلیمانی سرگرمیوں اور ایوان کی کاروائی سے آگاہ کرنے کے لیے اپنی زمہ داریاں نبھا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی کے اراکین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے جدو جہد کی جس کے لیے انہیں پریس اور میڈیا کا بھرپور تعاون حاصل رہا ہے۔ انہوں نے ملک میں جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے لیے میڈیا کے کردار کو بھی سراہا۔
سیکرٹری جنرل پی آر اے کی تجاویز کا جواب دیتے ہوئے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کی پریس گیلری کے انٹری پاس پر پی آر اے کا لوگو شامل کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے پی آر اے ممبران کی فلاح و بہبود کے لیے قائم فنڈ میں حصہ ڈالنے پر اتفاق کیا۔ اسپیکر نے گزشتہ دور حکومت میں پریس گیلری کی بندش کی مذمت کی اور یقین دلایا کہ اس طرح کے واقعات نہیں دہرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی جماعت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو پارلیمانی رپورٹرز کو ان کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ صدر پی آر اے صدیق ساجد نے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پریس کارنر کھولنے کے اقدامات کو سراہا۔
سیکرٹری پی آر اے آصف بشیر چوہدری نے اسمبلی ہال میں پریس گیلری کی گنجائش بڑھانے اور پی آر اے کے دفتر کے لیے کشادہ جگہ کی فراہمی کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔