سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس کے قیام پر کام شروع کرنے کی ہدایت

61
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس کے قیام پر کام شروع کرنے کی ہدایت

لاہور۔23مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس کے قیام پر کام شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ سپیکر نے کہا کہ گوجر خان میں ایک اعلی معیار کی یونیورسٹی کا کیمپس کھولنا وقت کی اہم ضرورت ہے، یونیورسٹی کے قیام سے گوجر خان کے علاوہ قریبی قصبوں اور شہروں بالخصوص چکوال، کلر سیداں اور روات کی ایک بڑی آبادی مستفید ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی، گوجرخان میں کیمپس کے قیام کے لیے پی سی ون کے ساتھ مالی سال 23-2022 کے لیے اے ڈی پی کے تحت فنڈنگ کے لیے رضامندی حاصل کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے گوجر خان میں اپنے کیمپس کے قیام پرعمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ پلاننگ نے یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس کے قیام کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو مالی سال 23-2022 کے بجٹ میں 3271.12 ملین روپے کے فنڈ مختص کرنے کے لیے سفارش کر دی۔ شعبہ پلانگ نے یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس کے مستقل انتظام تک عارضی انتظام کے تحت کلاسز کے فوری اجرا کے لیے 637.2 ملین روپے مختص کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔