سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی یوم تکریم شہدا کے موقع پر سوار حسین شہید کے مزار پر حاضری ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی

230

گوجر خان۔25مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے جمعرات کو’’یوم تکریم شہدا‘‘کے سلسلے میں گوجر خان میں سوار حسین شہید(نشان حیدر) کے مزار پر حاضری دی، انہوں نے وطن عزیز کے دفاع و سلامتی کے لئے شہید کی بہادری و جرأت کو خراجِ عقیدت پیش کیا، مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے بہادر سپوت سوار حسین کی شہادت بہادری کی عظیم داستان ہے، پوری قوم اپنے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، ہمارے شہدا کا نام تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں ہماری مسلح افواج کی بے مثال قربانیاں شامل ہیں، پاکستان کو دنیا میں جو مقام ملا وہ پاکستان کے دفاعی ادارے افواج پاکستان کی مرہون منت ہے، دنیا ہماری مسلح افواج کی صلاحیتوں کی معترف ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کے لئے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ، ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نبرد آزما ہیں، جو قومیں اپنے شہدا کی قربانیوں کو یاد نہیں رکھتیں وہ مٹ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی محب وطن اپنے شہداء کی تکریم کی پامالی کا سوچ بھی نہیں سکتا، 9 مئی کا دن ہماری تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جن لوگوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے کی ناپاک حرکت کی تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی۔