
اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان ایشیا اور اس سے باہر علاقائی تعاون اور رابطوں کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاک ۔ چین مثالی دوستی کا مظہر اور تر قی کے تمام شعبوں میں تعاون کو وسیع کرنے کے لئے ہمارے عزم کا اظہار ہے۔ چین(ارومچی) سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار ارومچی میں منعقد ہونے والی پانچویں چین ایشیا اوریورپ ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ اقوام کے مابین مضبوط معاشی و مالیاتی تعاون علاقائی و عالمی اقتصادی استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے پاک چین پارلیمانی اور اسٹریٹجک تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات کو سرحدوں کی دونوں جانب منفرد سیاسی و عوامی حمایت اور مقبولیت حاصل ہے اور دنیا میں دونوں ممالک کے مابین دوستی دنیا کے لئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان خطے کی نجی اور سرکاری کمپنیوں کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔