اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے آصف علی زرداری کو دوسری بار صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے نو منتخب صدر مملکت آصف علی زرداری کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ تہنیتی پیغامات میں نو منتخب صدر آصف علی زرداری کو دوسری بار صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا دوسری بار صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان منتخب ہونا ان پر اتحادی جماعتوں کے قائدین، قومی اسمبلی، سینٹ آف پاکستان اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کا ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔
ہفتہ کو سپیکر چیمبر سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا کہ نو منتخب صدر مملکت آصف علی زرداری ایک کہنہ مشق، مخلص، مصالحت پسند، مدبر اور زیرک سیاسی رہنما ہیں۔انہوں نے کہا کہ نو منتخب صدر آصف علی زرداری نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے اور ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اداروں کا استحکام ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نو منتخب صدر آصف علی زرداری نے اپنے پہلے دورہ صدارت میں 1973 کے آئین کو اپنی اصل روح کے مطابق پارلیمان سے بحال کرا کر پارلیمان کو مضبوط اور صوبوں کو بااختیار بنایا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بطور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں وفاق اور صوبوں میں ہم آہنگی، جمہوری اقدار کو فروغ حاصل ہو گا اور جمہوری ادارے مستحکم ہونگے۔ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے نو منتخب صدر آصف علی زرداری کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔