سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقات، میاں غوث کے پروڈکشن آرڈر سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

59

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بدھ کو اپوزیشن رہنماؤں نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی،ملاقات میں تحریک انصاف کے گرفتار رکن قومی اسمبلی میاں غوث کے پروڈکشن آرڈر سمیت دیگر اہم پارلیمانی امور پر گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران اپوزیشن رہنماؤں نے سپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی کہ میاں غوث کو اسلام آباد میں ہی قیام کرنے کی اجازت دی جائے اور انہیں واپس نہ جانے دیا جائے۔ اپوزیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ میاں غوث کو پارلیمنٹ لاجز میں رہنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنے فرائض بہتر طور پر انجام دے سکیں۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ بطور کسٹوڈین آف دی ہاؤس ان کے لئے تمام ممبران قومی اسمبلی برابر ہیں

وہ اپوزیشن اور حکومتی ممبران سے اچھے تعلقات اوررویے کے خواہاں ہیں ، وہ حکومت اور اپوزیشن ارکان کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں مگر اپوزیشن کی جانب سے اختیار کئے گئے رویے پر انہیں شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض معاملات میں اپوزیشن کا رویہ ان کی پوزیشن کو متاثر کر رہا ہے اور اس سے حکومتی ارکان کو بھی تنقید کا موقع ملتا ہے۔قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے رکن میاں غوث کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جس کے بعد میاں غوث نے سپیکر قومی اسمبلی سے چیمبر میں ملاقات کر کے ان کا شکریہ ادا کیا۔ مزید برآں سپیکر سردار ایاز صادق کی خصوصی اجازت سے میاں غوث کو پارلیمنٹ لاجز میں اپنی فیملی سے ملاقات کی اجازت بھی دی گئی۔تحریک انصاف کے رکن میاں غوث قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد پارلیمنٹ پہنچے تھے۔