اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹونیسکو نے پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط اور خطے کی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اس موقع پر بات چیت میں سپیکر نے کہا کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔سپیکر نےپاکستان ۔رومانیہ پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور د یتے ہوئے کہا کہ اس سے دوطرفہ ہم آہنگی اور باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں 2013 میں پاک رومانیہ فرینڈشپ گروپ کا قیام عمل میں لایا گیا جو دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سفارتکاری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔رومانیہ کے سفیر نے سپیکر کے رومانیہ سے متعلق تاثرات کو سراہا ۔
سفیر نے کہا کہ رومانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پارلیمانی، تعلیمی اور معاشی شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے آئی ٹی کے شعبے میں ترقی کے لیے پاکستانی اقدامات کی تعریف کی ۔ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان روابط بڑھانے پر زور دیتے ہوئے سفیر نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمانی سفارتکاری علاقائی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔