سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پیر کو ممبر یورپین پارلیمنٹ اوندرے دوستال نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے باہمی تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ممبر یورپین پارلیمنٹ اوندرے دوستال کی ملاقات ،اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پیر کو ممبر یورپین پارلیمنٹ اوندرے دوستال نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے باہمی تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے،پاکستان اور یورپی یونین کے مابین باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی چیلنج ہے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر مشترکہ اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہے، پاکستان گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں نہایت معمولی حصہ رکھتا ہے، قومی اسمبلی میں گرین پارلیمنٹ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے عزم کا عملی مظہر ہے، موجودہ قومی اسمبلی نے قانون سازی، پارلیمانی اصلاحات اور عوامی اہمیت کے امور پر مؤثر پیشرفت کی ۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ویمن پارلیمنٹری کاکس، چائلڈ پارلیمنٹری کاکس اور پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) سیکرٹریٹ کا قیام اہم پارلیمانی اقدامات ہیں، خواتین، بچوں کے حقوق اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے پارلیمان کا کردار مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے پنجاب میں مختلف شعبوں میں ہونے والی اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پنجاب میں اساتذہ کی تربیت، فنی و پیشہ وارانہ تعلیم اور دیگر شعبوں میں نمایاں پیشرفت قابلِ تحسین ہے، پاکستان کے پاس باصلاحیت اور ہنرمند افرادی قوت کا وسیع ذخیرہ موجود ہے جس سے یورپی یونین استفادہ کر سکتی ہے،پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، تربیت اور روزگار کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، امن کے قیام اور خطے میں استحکام کے لئے پاکستان کےکردار کو عالمی برادری کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں پائیدار امن اور استحکام کا خواہاں ہے، پاکستان تمام تنازعات کے پرامن حل کے لئے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دیتا ہے، پاکستان کا ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لئے ثالثی کا کردار امن کے فروغ کے عزم کا عکاس ہے۔ یورپی یونین کے رکن نے پاکستان کی علاقائی امن، پارلیمانی سفارتکاری اور بین الاقوامی تعاون کے لئے کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوستانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات قدرتی حسن سے مالا مال ہیں۔







