اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے 17ویں سیشن (بجٹ سیشن) کے دوران پیش کیے جانے والے معاملات پر غور کرنے کے لیے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منگل 10 جون 2025 کو شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا ہے۔ یہ اجلاس قومی اسمبلی کے اسپیکر کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق بزنس ایڈوائزری کمیٹی قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن 2025-26 کو منعقد کرنے کی حکمت عملی پر غور کرے گی۔
اس کے علاوہ وفاقی بجٹ اور دیگر متعلقہ پارلیمانی معاملات پر بحث کی مدت کا تعین بھی کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ بھی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ وفاقی وزراء سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، رانا تنویر حسین، عطاء اللہ تارڑ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور خالد مگسی کو میٹنگ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
حکومتی بنچز سے قومی اسمبلی کے اراکین شیخ آفتاب احمد، محترمہ نزہت صادق، ایاز حسین جکھرانی، سید نوید قمر، محترمہ شازیہ مری، سیدہ شہلا رضا، سید امین الحق اور سید حفیظ الدین کو بھی میٹنگ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اپوزیشن اراکین آصف قیصر، محترمہ زرتاج گل، گوہر علی خان، ملک عامر ڈوگر اور ریاض فتیانہ کو بھی میٹنگ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے اراکین نور عالم خان، اعجاز الحق، حسین الہٰی اور پلین بلوچ کو بھی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔