اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئےمتاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا اورپاک فوج،وفاقی اور صوبائی اداروں کو متاثرین کی فوری مدد فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے متاثرہ علاقوں کے دورے امدادی کارکنوں کےلئے حوصلہ افزائی کا باعث ہیں۔ وزیراعلی پنجاب کی متاثرہ علاقوں میں موجودگی متاثرین کی دلجوئی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کام کی مانیٹرنگ کی حکمت عملی قابل تحسین ہے ۔وزیراعلی پنجاب ساری صورتحال خود مانیٹر کر رہی ہے اور متاثرین تک امداد کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہا ہے۔ دریائے راوی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کروں گا اور متاثرین سے ملاقات کروں گا۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اولین ترجیح ہے۔
سیلاب متاثرین کی بحالی ایک قومی فریضہ ہے جسے پورا کریں گے۔پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کےلئے بین الاقوامی برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کی وزیراعلی پنجاب خود نگرانی کر رہی ہیں۔جو لوگ سیلاب کے باعث شہید ہوگئے ان کےدرجات کی بلندی کے لئے دعاگو ہیں۔مستقبل میں سیلاب سے بچاو کےلئے وفاق اور صوبوں کو ملکر متفقہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔ انہوں نےدعا کی کہ اللہ تعالیٰ سندھ کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھے۔