اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں جمعہ کے دن ہونے والے اجلاس میں حزب اختلاف کی جانب سے ایوان کی کارروائی سے مسلسل غیر حاضری اور کورم کی نشاندہی جیسے رویے پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج کے اجلاس میں سوالات کی اکثریت حزب اختلاف کی جانب سے تھی تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اپوزیشن نے اس اہم موقع پر ایوان کی کارروائی سے واک آؤٹ کر کے سنجیدہ پارلیمانی روایت کو مجروح کیا۔انہوں نے کہا کہ کینالز پر جاری بحث میں 30 ارکانِ اسمبلی نے حصہ لیا لیکن اپوزیشن نے اس موقع پر بھی غیر حاضری کو ترجیح دی،صرف جے یو آئی کو چھوڑ کر تمام اپوزیشن جماعتیں ایوان کی کارروائی سے غیر حاضر رہیں۔
سپیکر نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 7 اپریل کو کینالز سے متعلق قرارداد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی تھی جس پر 8 اپریل کو وضاحت دی گئی تھی کہ اس موضوع پر بحث مکمل ہو چکی ہے، اس کے باوجود 10 اپریل کو اپوزیشن کی جانب سے اسی موضوع پر دوبارہ قرارداد سپیکر آفس میں جمع کرائی گئی۔
سپیکر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "فلسطین، سرحدی معاملات اور کینالز پر احتجاج کرنے والے اکثر خود ایوان میں موجود نہیں ہوتے، یہ رویہ قابلِ افسوس ہے کہ اپوزیشن ایوان کی کارروائی کا حصہ بننے کی بجائے واک آؤٹ جیسے اقدامات کو ترجیح دے رہی ہے۔سپیکر نے اپوزیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ پارلیمانی روایات کا احترام کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی میں بھرپور شرکت یقینی بنائے تاکہ عوامی مفادات سے متعلقہ امور پر موثر قانون سازی ممکن ہو سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580873