سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا صادق خان کو لندن کے تیسری بار میئر منتخب ہونے پر مبارکباد

129
Speaker National Assembly
Speaker National Assembly

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے صادق خان کو لندن کے تیسری بار میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے صادق خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ صادق خان کا لندن کا تیسری بار میئر منتخب ہونا ان پر عوام کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے،صادق خان ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ، تجربہ کار اور کہنہ مشق سیاسی رہنما ہیں۔

ایاز صادق نے کہا کہ صادق خان کا تیسری بار میئر منتخب ہونا ان کی عوامی خدمت، کام کے ساتھ لگن کا نتیجہ ہے اورصادق خان کی قیادت میں لندن کے عوام ترقی اور خوشحالی کے مزید منازل طے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک پاکستان نژاد کا لندن کا تیسری بار میئر منتخب ہونا پاکستان کیلئے باعث اعزاز ہے اور پاکستان کی پارلیمان اور عوام صادق خان کی کامیابیوں اور کامرانیوں کیلئے دعا گو ہیں۔