اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ٹانک میں چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے 10 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر فخر ہے، قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ ہو گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی مزید کامیابیوں کے لیے دعا گو ہوں۔