اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 4 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے سپاہی باسط صدیق کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ جمعرات کو اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ باسط صدیق کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں، شہید باسط صدیق کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جوانوں کی جرات اور بہادری پر فخر ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کے بہادر سپوتوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، خوراجی دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہید باسط صدیق کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583776