اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 26 ویں آئینی ترمیم کے موقع پر بہترین رپورٹنگ کرنے پر پارلیمانی صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ مستقبل میں بھی پارلیمان میں ہونے والی قانون سازی کے دوران پی آر اے پی اپنی قابل ستائش روایات کو برقرار رکھے گی۔
پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کے موقع پر پارلیمانی صحافیوں نے نظم و ضبط کے ساتھ ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی ہے۔سپیکر نے نظم و ضبط قائم رکھنے کیلئے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (پی آر اے پی) کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ آئینی ترمیم کے موقع پر پی آر اے پی نے بہترین پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا مظاہرہ کیا ہے، پریس گیلری پارلیمان کا اہم جزو ہے، ایوان میں ہونے والی قانون سازی کو عوام تک پہنچانے میں پریس گیلری کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی رپورٹرز نے ہمیشہ عوام میں پارلیمان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا ہے۔