اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) ایمپلائز یونین کے انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر عادل شاہین الائنس کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے نو منتخب صدر اور سینئر صحافی طارق محمود چوہدری، سیکرٹری محمد قاسم، فنانس سیکرٹری طاہر ندیم، رضوان شاہ، مدثرالحسن، تبسم گل سمیت دیگر عہدیداروں کو کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب قیادت کارکنان کے اعتماد پر پورا اترے گی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے مؤثر کردار ادا کرے گی۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ انتخابی عمل میں کامیابی کے بعد کارکنان کے دیئے گئے مینڈیٹ کا احترام جمہوری تقاضا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں جمہوری روایات کے فروغ کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ عوام کے مسائل گراس روٹ لیول پر حل کئے جا سکیں۔