اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان کے مایہ ناز ایتھلیٹ ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی نے ایک بار پھر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
ہفتہ کو یہاں جاری اپنے تہنیتی پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے ارشد ندیم کی کامیابیوں کے تسلسل پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاباش ارشد ندیم! آپ نے اپنی سخت محنت، لگن اور جذبے سے پاکستان کا پرچم ایک بار پھر بلند کر دیا ہے۔ پوری قوم کو آپ کی اس کامیابی پر فخر ہے۔سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ ارشد ندیم نہ صرف پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہیں بلکہ وہ ملک کے حقیقی ہیرو بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "ارشد ندیم نے جنوبی کوریا میں اپنی جیت کے ذریعے پاکستانی عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف کھیل کے میدان میں ایک سنگ میل ہے بلکہ یہ نوجوان نسل کے لیے بھی ایک محرک ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے ارشد ندیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اسی عزم و حوصلے سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرتے رہیں گے۔