اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور بغیر پیشگی اطلاع کے سپل ویز کھولنے اور پانی چھوڑنے کے عمل کو کھلی آبی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے، انہوں نے بھارت کی جانب سے اس مذموم اقدام کو معصوم شہری آبادی کو ڈبونے کی دانستہ سازش بھی قرار دیا۔
جمعرات کو اپنے ایک بیان میں سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے تحت طے شدہ ضابطوں کو نظرانداز کرتے ہوئے پاکستان کو پیشگی اطلاع دیئے بغیر پانی چھوڑا، اس عمل سے پاکستان کے متعدد علاقوں میں شدید سیلاب آیا جس کے نتیجے میں کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور بنیادی ڈھانچے کو وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارت نے بروقت اطلاع فراہم کی ہوتی تو پاکستان حفاظتی اقدامات اٹھا کر بھاری جانی و مالی نقصان سے بچ سکتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھارتی رویہ نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لئے بھی خطرہ ہے،مودی حکومت داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کے خلاف مسلسل سازشوں میں مصروف ہے تاہم دنیا اب بھارت کے اصل چہرے کو پہچان چکی ہے اور اس کی جارحانہ پالیسیوں سے آگاہ ہو چکی ہے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے 10 مئی 2025 کو بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستانی قوم کے متحدہ ردعمل کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور ثابت کیا کہ ہم ایک عظیم اور خوددار قوم ہیں،بھارتی آبی جارحیت کے خلاف بھی پوری قوم یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ہر محاذ پر اپنے وطن کا دفاع کرنے کے لئے تیار ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج، قومی ادارے اور عوام ریسکیو و بحالی کے کاموں میں دن رات مصروف ہیں، متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے جوان امدادی سرگرمیوں میں صفِ اوّل پر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس کٹھن وقت میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، قوم کے نوجوانوں کو آگے بڑھ کر متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ متاثرین کی مدد اور بحالی ایک قومی فریضہ ہے اور پاکستانی قوم نے ہمیشہ آزمائش کی گھڑی میں ایثار، قربانی اور اتحاد کی عظیم مثالیں قائم کی ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سیلاب متاثرین ہماری اجتماعی توجہ اور عملی تعاون کے منتظر ہیں۔ اس موقع پر سپیکر سردار ایاز صادق نے قوم سے سیلاب متاثرین کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے سیلابی ریلوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لئے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالی سے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔