سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خواجہ اظہار الحسن کو کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کا بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

123
Sardar Ayaz Sadiq
Sardar Ayaz Sadiq

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رکن قومی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کو کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کا صدر، سید لطافت حسین شاہ کو سینئر نائب صدر، ابو ذر عمراو کو سیکرٹری جنرل اور دیگر عہدیداروں کو منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے خواجہ اظہار الحسن کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ خواجہ اظہار الحسن کی قیادت میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن ترقی کی منازل طے کرے گی اور ملک میں ہاکی کے کھیل کے فروغ کے لیے مثبت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ خواجہ اظہار الحسن اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قومی کھیل ہاکی کو بین الاقوامی سطح پر ترقی دلانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس کی ترقی اور بحالی کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ خواجہ اظہار الحسن پاکستان کو ہاکی کے کھیل میں اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے خواجہ اظہار الحسن کی کامیابی کے لیے دعا کی۔