سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی کا دوسرا ان کیمرہ اجلاس

111

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی کا دوسرا ان کیمرہ اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، مشیر برائے وزیراعظم رانا ثناء اللہ، سینیٹر عرفان صدیقی، سابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور اراکین قومی اسمبلی سید نوید قمر ، ڈاکٹر فاروق ستار ، اعجاز الحق، خالد حسین مگسی،وفاقی وزیر عبدالعلیم خان ،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور،سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، صاحبزادہ حامد رضا، راجہ ناصر عباس اور سلمان اکرم راجہ نے شرکت کی۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مذاکراتی کمیٹی میں شریک شرکاء کا خیر مقدم کیا ۔مذاکراتی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری مذاکراتی کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہے، پہلی کمیٹی میں ہمارے کچھ ساتھی موجود نہیں تھے، پہلی مذاکراتی کمیٹی بہت اچھے اور خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی تھی۔ پہلی کمیٹی کے اجلاس میں زیر بحث آنے والے امور پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا کردار بطور ایک سہولت کار ہے، امید کرتا ہوں کہ مذاکراتی کمیٹی میں شریک فریقین مذاکرات کو مثبت انداز میں چلائیں گے،میری کوشش ہے کہ ملک کو درپیش دہشت گردی،

معیشت سمیت دیگر اہم ایشوز کو بھی اسی کمیٹی میں زیر غور لایا جائے، ہم سب پاکستانی ہیں، پاکستان کے مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔