اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مراد علی شاہ کا تیسری بار وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدے پر انتخاب پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ اسمبلی کے ممبران کے آپ کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید مصطفیٰ شاہ اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے سید مراد علی شاہ کو وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ آپ کا تیسری بار وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدے پر انتخاب پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ اسمبلی کے ممبران کے آپ کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے،آپ کی قیادت میں صوبہ سندھ گذشتہ ادوار کی طرح مستقبل میں بھی ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرے گا۔ سپیکر ایاز صادق کا سید مراد علی شا ہ کی بطور وزیر اعلیٰ سندھ کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی سپیکر سردار ایاز صادق کو تیسری بار سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ سپیکر کے عہدے پرتیسری بار بھاری اکثریت سے منتخب ہونا اتحادی جماعتوں کے قائدین اور ممبران اسمبلی کا آپ کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے بطورِ اسپیکر جس خوش اسلوبی سے گذشتہ دور میں ایوان کی کارروائی کو چلایا وہ قابلِ تحسین ہے۔ وزیراعلی سندھ نے بھی سپیکر سردار ایاز صادق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلی سندھ نے ڈپٹی سپیکر سید مصطفےٰ شاہ کو بھی ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔