سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی فلسطین کے سابق وزیراعظم اسماعیل ہانیہ پر تہران میں قاتلانہ حملے کی مذمت ، جانی نقصان پر اظہار افسوس

148

اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فلسطین کے سابق وزیراعظم اسماعیل ہانیہ پر تہران میں قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے کے نتیجے میں اسماعیل ہانیہ کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ پر حملہ بربریت اور جارحیت کی شرمناک مثال اور عالمی قوانین اور اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے،اسرائیل نے فلسطین میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ اور ان کے خاندان کی فلسطین کی جدو جہد آزادی کے لئے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر ان کے اہلخانہ،فلسطینی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس موقع پر ان کے اہلخانہ اور فلسطین کی عوام کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہون نے اللہ تعالیٰ سے شہید اسماعیل ہانیہ کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔