اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قلات میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے پولیس و لیویز اہلکاروں اور شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ پیر کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے شہید ہونے والے پولیس اور لیویز اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اورشہدا کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔انہوں نے اللہ تعالی سے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔سپیکر قومی اسمبلی نے حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی