سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد کا باکو میں "آسان سروس” سینٹر کا دورہ

31

باکو۔8جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں آذربائیجان کا سرکاری دورہ کرنے والے پاکستان کے پارلیمانی وفد نے منگل کو آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں قائم "آسان سروس” سینٹر کا دورہ کیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق دورے کے دوران وفد کو "آسان سروس” کے کام کے طریقہ کار اور اس ادارے کی وسیع تر سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جو آذربائیجان کے صدر کی سرپرستی میں قائم اسٹیٹ ایجنسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انوویشنز کے تحت کام کر رہا ہے۔

اس موقع پر وفد نے اس بات کو سراہا کہ صدر الہام علییوف کی دانشمندانہ قیادت میں شروع کئے گئے "آسان سروس” اقدام نے شہریوں کو عوامی خدمات تک رسائی فراہم کرنے کے لئے جدید اور عوام دوست طریقہ کار کو فروغ دیا ہے۔وفد کو بتایا گیا کہ "آسان سروس” ماڈل اب تک 20 سے زائد ممالک، بشمول پاکستان، کے ساتھ شیئر کیا جا چکا ہے اور مختلف بین الاقوامی اداروں نے اس کی عوامی خدمات کی شفاف، مؤثر اور جدید فراہمی کے نظام کو تسلیم کیا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے "آسان سروس” کے تصور اور اس کے مؤثر نفاذ کو سراہتے ہوئے ریاستی ایجنسی کی عوامی خدمت کے شعبے میں اصلاحات اور جدت کے فروغ میں قائدانہ کردار کی تعریف کی۔اس دورے میں اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی، عمیر خان نیازی، نذیر احمد بگھیو، محمد معین عامر پیرزادہ، صادق افتخار، چوہدری افتخار نذیر اور محمد افضل کھوکھر بھی شامل تھے۔