اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قلات کے قریب مسافر بس پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے اس دلخراش واقعہ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی یہ بزدلانہ کارروائی انسانیت دشمنی کی بدترین مثال ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی، تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی ایسی مذموم کوششوں سے قومی عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے افسوسناک واقعہ میں زخمی ہونے والے مسافروں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد پاکستان کے امن و استحکام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔
سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قومی سطح پر تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلخانہ کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔