اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ نومنتخب عہدیدار آزادی اظہار اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔ منگل کو اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے نیشنل پریس کلب کے الیکشن میں جرنلسٹ پینل کے نومنتخب صدر اظہر جتوئی، نیئر علی کو سیکرٹری اور وقار عباسی کو فنانس سیکرٹری بننے پر مبارکباد پیش کی اور نو منتخب قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نیشنل پریس کلب کے الیکشن میں نومنتخب عہدیداران کی کامیابی ان پر صحافی برادری کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی نومنتخب قیادت میڈیا کی ترقی اور صحافتی برادری کے اعتماد پر پورا اترنے اور انکے مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمان صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی پریس گیلری پارلیمان کا اہم جزو ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے اور ایوان میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہونے والی قانون سازی کو عوام تک پہنچانے میں صحافتی برادری کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ پریس کلب اسلام آباد کی نومنتخب قیادت کی کامیابیوں اور کامرانیوں کیلئے دعا گو ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573858