اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن کی حیثیت ذمہ داریاں سنبھالنے پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی پاکستان کی سفارتی کاوشوں، عالمی امن کے لیے کردار اور عالمی برادری کے اعتماد کا مظہر ہے۔
اپنے بیان میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کا سرگرم اور فعال ممبر ہے اور ہمیشہ عالمی امن، انسانی حقوق کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے بھرپور کردار ادا کرتا چلا آیا ہے۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سلامتی کونسل میں پاکستان کی موجودگی عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔سپیکر قومی اسمبلی نے سلامتی کونسل میں پاکستان کے غیر مستقل رکن بننے کو بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا اور اس کامیابی میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی کاوشوں کو سراہا جن کی شبانہ روز محنت اور جدو جہد کے بدولت یہ اہم کامیابی ممکن ہوئی۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستانی عوام کے لیے باعث فخر ہے اور پاکستان کے عالمی سطح پر مثبت اور تعمیری کردار کی عکاسی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان کی مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔