اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ڈی آئی خان میں رورل ہیلتھ سینٹر پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یہاں جاری بیان کے مطابق سپیکر نے سکیورٹی اداروں کو بروقت کارروائی اور دہشت گردوں کو جہنم حاصل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔سپیکرنے دہشتگردی کے نتیجے میں دو لیڈی ہیلتھ ورکرز، دو بچوں اور ایک شہری کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا۔
سپیکر نے شہید ہونے والے نائب صوبیدار محمد فاروق اور سپاہی محمد جاوید اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی دفاع وطن کے لیے دی گئی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سپیکر نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں شہید فوجی جوانوں اور شہید شہریوں کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔اسپیکر نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف اپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے،اسپیکر نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔