سپیکر قومی اسمبلی سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجینئر امیر مقام کی ملاقات ، یوم استحصال کشمیر کے حوالہ سے اقدامات پر تبادلہ خیال

157
Speaker National Assembly Sardar Ayaz Sadiq
Speaker National Assembly Sardar Ayaz Sadiq

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے جمعرات کو وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی جس میں 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر کے حوالہ سے اقدامات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر نے سپیکر قومی اسمبلی کو 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ریڈیو پاکستان سے ڈی چوک تک یکجہتی واک اور دیگر اقدامات کے متعلق آگاہ کیا اور اس معاملے پر ایوان میں قرارداد لانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپیکر نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی گھناؤنی سازش کی گئی۔ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ ہر علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔ تنازع جموں و کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنازع جموں و کشمیر کا کشمیری عوام کی امنگوں اور یو این کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے جائز حقوق کے حصول کے لیے انکی پارلیمانی، سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔