اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کا خوارجیوں کا مقابلہ کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے چار جوانوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں سپیکر نائب صوبیدار طیب شاہ، لانس نائیک گلاب زمان، لانس نائیک مزمل محمود، لانس نائیک حبیب اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہداء کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں، قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بہادر سپوت ہمارے ہیرو ہیں،ملک دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔