اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملک بھر میں حالیہ موسلا دھار بارشوں کے باعث مختلف حادثات اور سانحات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو انہوں نے بارشوں کے باعث متاثر ہونے والے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس آزمائش کی گھڑی میں متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو متحرک رہنے کی ضرورت ہے۔ سردار ایاز صادق نے متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں پر زور دیا کہ وہ آپس میں رابطہ کاری کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشنز تیز کریں، زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کریں اور نقصانات کے ازالے کے لیے موثر اقدامات کریں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ طور پر مربوط حکمت عملی تشکیل دینے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے نقصانات سے بچائو ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے جس سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے عوام سے مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مقامی افراد کو سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ سیاحوں کے ساتھ تعاون کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔