اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پارہ چنار میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
ہفتہ کواپنے ایک بیان میں انہوں نے دہشتگروں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہونے پر لانس نائیک غیرت خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سپیکر نے شہید غیرت خان کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعاکی۔
انہوں نے کہاکہملک میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں تیزی انتہائی تشویش ناک ہے، ملک دشمن شر پسند عناصر ملک میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں۔ دہشتگردوں نے عید میلادالنبیﷺکے موقع پر بے گناہ شہریوں اور نماز جمعہ میں نمازیوں کو نشانہ بنایا، مستونگ اور ہنگو میں دہشتگردوں کی مذموم حرکت سے ثابت ہوا ہے کہ ان کا کسی مذہب، انسانیت اور اخلاقیات سے کوئی تعلق نہیں،مستونگ اور ہنگو میں انسانی جانوں کے ساتھ جس درندگی سے کھیلا گیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
سپیکر نے کہاکہپوری قوم مستونگ اور ہنگو میں بے گناہ شہریوں اور نمازیوں کے جانی نقصان پر رنجیدہ ہے، دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے ۔