اسلام آباد ۔30ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے جمہوریہ چین کے 74ویں یوم تاسیس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ، چیئرمین پیپلز ریپبلک آف چائنا اور چین کی پارلیمان اور عوام کو مبارکباد دی ہے ۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا سے جاری بیان کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ عوامی جمہوریہ چین کو قومی دن کے موقع پر پاکستان کی پارلیمان اور عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، چین اور پاکستان کی لازوال دوستی کی کوئی مثال نہیں ملتی،چین اور پاکستان کے مابین تعلقات باہمی احترام، تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں پر استوار ہیں، پاکستان اور چین کے عوام ایک دوسرے سے گہری وابستگی رکھتے ہیں، چین پاکستان کے دکھ سکھ کا ساتھی ہے، چین نے بہت کم عرصے میں ترقی کے بے مثال منازل طے کیے ہیں، چین کی معیشت دنیا کی بہترین معیشتوں میں سے ایک ہے،
چین کی تیز ترین ترقی کا کریڈٹ صدر شی جن پنگ اور چین کی حکومت کو جاتا ہے، چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ صدر شی جن پنگ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کا خطے کی عوام کے لیے اہم تحفہ ہے، سی پیک منصوبہ کے تکمیل سے میں خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، سی پیک منصوبہ وسطی ایشیاء راستوں کی منڈیوں تک رسائی کا اہم ذریعہ ثبت ہو گا، جغرافیائی اعتبار سے پاکستان سی پیک منصوبے سے سب سے زیادہ مستفید ہونے والا ملک ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ سی پیک منصوبے سے خطے کی عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا اور روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا ہوں گے ، سی پیک کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کی مابین اعتماد کا مظہر ہے، خطے میں چین کی پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت دنیا کے لیے مثال ہے، چین اور پاکستان کے مابین دوستانہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے میں پارلیمانی سفارت کاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔