اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے جمہوریہ چین کے 74ویں یوم تاسیس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ، چیئرمین پیپلز ریپبلک آف چائنا اور چین کی پارلیمان اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہےکہ عوامی جمہوریہ چین کو قومی دن کے موقع پر پاکستان کی پارلیمان اور عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، چین اور پاکستان کی لازوال دوستی کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
اتوار کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین تعلقات باہمی احترام، تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں پر استوار ہیں،پاکستان اور چین کے عوام ایک دوسرے سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے دکھ سکھ کا ساتھی ہے،
چین نے بہت کم عرصے میں ترقی کے بے مثال منازل طے کی ہیں، چین کی معیشت دنیا کی بہترین معیشتوں میں سے ایک ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ چین کی تیز ترین ترقی کا کریڈٹ صدر شی جن پنگ اور چین کی حکومت کو جاتا ہے،چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی نے راہداری (سی پیک) منصوبہ صدر شی جن پنگ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کا خطے کی عوام کے لیے اہم تحفہ ہے،سی پیک منصوبہ کے تکمیل سے میں خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سی پیک منصوبہ وسطی ایشیاء راستوں کی منڈیوں تک رسائی کا اہم ذریعہ ثابت ہو گا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جغرافیائی اعتبار سے پاکستان سی پیک منصوبے سے سب سے زیادہ مستفید ہونے والا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے خطے کی عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا اور روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا ہونگے اور سی پیک سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کی مابین اعتماد کا مظہر ہے، خطے میں چین کی پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت دنیا کے لیے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین دوستانہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے میں پارلیمانی سفارت کاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=396630