سپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں پارلیمانی وفد کی باکو میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات

46

باکو۔7جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے باکو میں جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی۔ جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے صدر الہام علیوف کی جانب سے دی گئی پُرتپاک میزبانی پر دلی تشکر کا اظہار کیا اور اس موقع پر آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل، پائیدار اور اصولی حمایت کا بھرپور اعادہ کیا۔

انہوں نے جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے مؤقف کی کھلی اور مستقل حمایت پر آذربائیجان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا، اور بھارت کی حالیہ اشتعال انگیزیوں، غزہ میں جاری انسانی بحران، اور ایران-اسرائیل کشیدگی پر آذربائیجان کے واضح، اصولی اور دلیرانہ موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مؤقف انصاف اور بین الاقوامی قانون کی بالادستی کا مظہر ہے۔

صدر آذربائیجان الہام علیوف نے پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی اعلیٰ اور مثالی سطح کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین روابط بھائی چارے، باہمی حمایت اور غیر متزلزل یکجہتی کی بنیاد پر قائم ہیں۔ صدر علیوف نے حالیہ 17ویں اقتصادی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف کی آمد کو خوشگوار یاد قرار دیا، اور اس موقع پر ہونے والی تفصیلی ملاقاتوں کو دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے بھی وزیراعظم پاکستان کی خنکندی میں آزاد شدہ علاقوں کے دورے کو عالمی برادری کے لیے ایک طاقتور پیغام قرار دیا اور آذربائیجان کی قیادت کو 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے آذربائیجان کے نو آزاد علاقوں خصوصاً نگورنو-کاراباخ میں جاری تعمیرِ نو، بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کو سراہتے ہوئے انہیں علاقائی امن، اقتصادی بحالی اور استحکام کے لیے کلیدی قرار دیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پر قومی اسمبلی پاکستان کی جانب سے منظور کی گئی دو اہم قراردادوں کا حوالہ بھی دیا۔

پہلی قرارداد میں آرمینیائی جارحیت، نگورنو-کاراباخ میں شہریوں اور فوج پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی، جبکہ دوسری قرارداد آذربائیجان کی فتح اور سرزمین کی آزادی کے بعد منظور کی گئی، جس میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کی توثیق کی گئی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون کو وسعت دینے، اور دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں، سڑک رابطوں اور تجارتی تبادلوں کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ موجودہ دورے میں شریک پاکستانی وفد میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کے اراکین شامل ہیں، جو اس بات کی واضح علامت ہے کہ پاکستان کی پارلیمنٹ آذربائیجان کی مکمل حمایت میں متحد اور یکسو ہے۔

ملاقات میں اراکینِ قومی اسمبلی میں ڈاکٹر مہیش کمار ملانی، محمد افضل کھوکھر، چوہدری افتخار نذیر، صادق افتخار، عمیر خان نیازی، محمد معین عامر پیرزادہ، اور نذیر احمد بھگیو موجود تھے۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان نہ صرف مشکل وقت میں بلکہ ہر شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور باہمی مفادات، علاقائی امن اور ترقی کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔