اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیپٹن محمد فراز الیاس سمیت 6 جوانوں کی قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ پیر کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے شہید کیپٹن محمد فراز الیاس اور دیگر بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اورشہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بہادر سکیورٹی جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔غم اور دکھ کی گھڑی میں سکیورٹی فورسز کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں۔دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازش ہے۔دہشتگرد اپنی مذموم سازش میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے دہشتگردی کے خلاف جنگ کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ملک میں دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے لڑنے والے جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعاکی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=474583