سپیکر قومی اسمبلی کی پاکستان کے 76 ویں ‘یوم آزادی’ کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد

233
Raja Pervaiz Ashraf

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان کے 76 ویں ‘یوم آزادی’ کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور اللہ تعالیٰ کا خاص شکر ہے کہ اس نے ہمیں اس عظیم نعمت سے نوازا،بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح، مفکر پاکستان علامہ اقبال اور اپنے آباؤ اجداد کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہوں،جن کی انتھک محنت اور قربانیوں کی بدولت ہمیں یہ عظیم ملک حاصل ہوا۔

جشن آزادی کے موقع پراپنے پیغام میں سپیکر نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد اور بانیان پاکستان کی لازوال قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضاوں میں زندگی بسر کر رہے ہیں،ہم سب کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ اس نعمت کبریٰ کی قدر کرنی چاہیے،قیام پاکستان کا مقصد اسلامی اقدار اور روایات کے مطابق جمہوری نظام قائم کرنا تھا،جہاں انصاف، برابری اور حقوق کا تحفظ ممکن ہو،گزشتہ سات دہائیوں میں ہمیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، مگر خدا کا شکر ہے کہ ہم صحیح سمت کی طرف گامزن ہیں۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے 16 ماہ کے قلیل عرصے میں ملک کو درپیش سنگین سیاسی، معاشی اور سماجی چیلنجرز کو بڑی حد تک خوش اسلوبی سے حل کیا ہے،ہمیں سیاست سے بالا تر ہو کر آپس کے اختلاف کو بھلا کر ترقی اور خوشحالی کے سفر میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،من حیث القوم ہمیں نفرت اور شدت پسندی کو ترک کر کے جمہوری روایات کو اپنا پڑے گا،ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے خواب اور قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کی تکمیل کرنے کی ضرورت ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بطور پاکستانی ہمیں نئے تجدید عہد کرنا ہوگا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے 14 اگست، 1947 کے جذبے کو دہراتے ہوئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،خواتین اور نوجوان کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا،نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں،نوجوانوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں،پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے مادرے وطن کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیاں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،پاکستان کے دفاع کے خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،ہمارے شہداء ہی ہمارے حقیقی ہیرو ہیں، جہنوں نے اپنے خون سے اس وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ہے۔

اسپیکرنے کہا کہ جشن آزادی کے پر مسرت موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے،پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے لیے جاری جدو جہد کی تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،کشمیر اور فلسطین میں بسنے والے شہریوں کو آزادی کی نعمت، جو ان کا بنیادی حق ہے، سے محروم رکھنا دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست، 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے حقوق کو صلب کر رکھا ہے،مقبوضہ وادی کے شہریوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا ہوا ہے،مقبوضہ کشمیر کے شہری دنیا کی سب سے بڑی اوپن جیل میں پابند سلاسل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے متنازعہ مسئلے کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے کشمیری عوام کے بنیادی حق آزادی کو تسلیم کیا جائے،کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پر امن حل خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔