لاہور۔21جون (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے جمعہ کے روز ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی ۔ ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق ملاقات میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، سٹاف آفیسر عماد حسین بھلی ، ترجمان پنجاب اسمبلی را ئو ماجدعلی اورلاہور کے قونصل جنرل ایران مہران مواحد فر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر( مرحوم) ایرانی صدر ابراہیم ریئسی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ (مرحوم) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی بہت بڑے سکالر اور مسلم امہ کے لیڈر تھے، امت مسلمہ کے لیے ابراہیم رئیسی کی شہادت نا قابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مذہبی اور ثقافتی خوشگوار تعلقات ہیں ،دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات علاقائی امن و استحکام کے لیے اہم ہیں ،پاک ایران تاریخی تعلقات کو تجارتی تعلقات میں تبدیل کرنا باہمی ترقی کے لیے ضروری ہے،پارلیمانی رابطے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں استحکام اور ترقی کی جانب سفر جاری ہے ، پہلی خاتون وزیراعلی مریم نواز عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،نئی حکومت آنے سے پنجاب آگے بڑھ رہا ہے،ایران کی نئی حکومت (مرحوم) صدر رئیسی کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ دریں اثنا ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے ملک محمد احمد خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی ۔