اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے مفتی اعظم پاکستان اور ممتاز عالم دین مولانا مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو اپنے الگ الگ توزیتی پیغامات میں انہوں نے کہا کہ مولانا مفتی رفیع عثمانی کے انتقال سے ملک ایک ممتاز عالم دین سے محروم ہو گیا ہے۔
مفتی رفیع عثمانی کی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مفتی رفیع عثمانی کا انتقال نہ صرف پاکستان بلکہ پورے عالم اسلام کے لئے بڑا نقصان ہے۔ مرحوم ہمیشہ امن، بھائی چارے اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے کوشاں رہے۔ سپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالی سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانےکی دعا کی ۔