سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے صحت کے عالمی دن کے موقع پر پیغامات

71

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ بہترین و جدید طبی سہولیات تک رسائی ملک میں موجود ہر فرد کا بنیادی حق ہے۔کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ضروری ہے ۔

صحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات مہیا کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ممبرانِ پارلیمان کو اپنے اپنے حلقے میں ویکسینیشن کے عمل کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے، عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں نئے ہسپتالوں کے قیام اور موجودہ ہسپتالوں کی اپگریڈیش کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، صحت انصاف کارڈ کی بلا تفریق فراہمی موجود حکومت کا سب سے اہم کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو آپس کے اختلافات سے بالاتر ہوکر شعبہ صحت سے متعلق مسائل کے حل کے لئے جامع پالیسی وضع کرنے کی ضرورت ہے ، ہسپتالوں میں جدید مشینریز اور آلات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

کورونا وباء کی تیسری لہر اور اس کے بڑھتے ہوئے اثرات انتہائی تشویشناک ہیں، موجودہ حکومت کورونا وبا کے پھیلائو کو روکنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ عوام کو حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے شعبہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔

عوام کے تعاون کے بغیر اس موذی وباء سے نمٹنا ممکن نہیں ہے، اپنے پیاروں کی جانوں کی حفاظت اور کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ویکسین ضرور لگوائیں، امید ہے کہ بہت جلد وباء سے چھٹکارا ملے گا اور معمولات زندگی پوری طرح بحال ہوں گے، عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

قاسم خان سوری نے کہا کہ بلوچستان کی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے، کورونا وبا جیسے موذی مرض سے نمٹنا حکومت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے، موجودہ حکومت وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام اور کورونا ویکسین کی عام عوام تک رسائی ممکن بنانے کے لئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وباء سے صحت یابی پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، 60 سال سے زائد عمر کا ہر شہری ویکسین لگا کر ذمہ داری کا ثبوت دے،اپنے آپ اور اپنے پیاروں کو وائرس سے محفوظ بنانا ہم سب پر لازم ہے۔