اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نےقبلہ اول مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر اسرائیلی فورسز کے حملے اور بھارت کی آٹھ ریاستوں میں مسلمان نمازیوں پر انتہا پسند ہندوئوں کے دھاوا بولنے کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بدھ کو اپنے الگ الگ مذمتی بیانات میں انہوں نے کہاکہ مقدس مہینے رمضان المبارک میں مسجد اقصیٰ میں مسلمان نمازیوں پر بہیمانہ حملہ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فورسز کے حملے کے نتیجے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی آٹھ ریاستوں میں مسلمان نمازیوں پر انتہا پسند ہندوئوں کے حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔پاکستان کی پارلیمان اور عوام فلسطینی عوام اور بھارتی میں مسلم برادری سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔مسجد اقصیٰ اور بھارتی ریاستوں میں مسلمانوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہے۔
مسجد اقصیٰ اور بھارتی ریاستوں میں مسلمانوں کے ساتھ مظالم کے خلاف او آئی سی کو فوری نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔ عالمی برادری فلسطین اور بھارتی ریاستوں میں مسلمان نمازیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لے۔مسجد اقصیٰ اور بھارتی ریاستوں میں مسلمان کے ساتھ ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیاں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔عالمی دنیا کو مسجد اقصیٰ اور بھارتی ریاستوں میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے تشدد اور مظالم پر خاموشی توڑنی پڑے گی۔