لاہور۔30اپریل (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کالج آف ٹورزم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے 26 ویں سالانہ کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔علاقائی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ بھارت جنگی جنون پیدا کر رہا ہے۔ ۔
بھارت مذموم مقاصد کیلئے پاکستان پر حملے کی تیاری کر رہا ہے لیکن پاک سرزمین کے دفاع کے لیے پوری قوم تیار ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ہر بیٹا، بیٹی، ماں، باپ، استاد، شاگرد اور شہری سیسہ پلائی دیوار بنے گے۔پاکستانی قوم جانتی ہے لا الہ الا اللہ کی حرمت کیا ہے۔ پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا اللہ یہی نظریہ ہماری وحدت اور بنیاد ہے۔ہر پاکستانی شہادت کے جذبے سے سرشار ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور شفاف انکوائری کا مطالبہ کر چکا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کی دہشتگردی کے واضح ثبوت فراہم کئے ہیں۔بھارت پاکستان میں دراندازی اور شرانگیزی کو ہوا دے رہا ہے۔
مودی سرکار انتخابات میں پاکستان مخالف جذبات ابھار رہی ہے اور سیاسی مقاصد کیلئے پاکستان پر الزامات لگا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک نیوکلئیر طاقت ہے، اور ایٹمی جنگ کی صورت میں مڈل ایسٹ25 سال سورج کی روشنی سے محروم ہو جائے گا۔ایٹمی ایکسپوژر کے بعد50 سال تک زمین بنجر ہو جائے گی۔ اگر پاکستان پر آنچ آئی تو ہر فرد اپنی جان، مال، آل و اولاد قربان کر دے گا۔
معاشی پہلو پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہوٹل، ٹورازم اور کامرس ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔پاکستان میں ہوٹلنگ اور ٹورازم انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ حکومت پنجاب فنی تعلیم کے فروغ کیلئے پرعزم اقدامات کر رہی ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ اگر وہ محنت، اخلاص اور دیانتداری سے کام کریں تو ایک شاندار مستقبل ان کا منتظر ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590526