لاہور۔15جنوری (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی قیادت میں "پارلیمنٹری کوکس فار چائلڈ رائٹس” کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے جس کا مقصد بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد کو کوکس کمیٹی کی کنوینئر مقرر کیا گیا ہے جبکہ کمیٹی کے دیگر اراکین میں ذکیہ خان، مہوش سلطانہ، سلمی سعید، رخسانہ کوثر اور دیگر شامل ہیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کوکس کمیٹی کے پیٹرن اور اس کی رہنمائی کریں گے۔
کوکس مخصوص مسائل پر اراکین کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے کام کرے گا اور اپنی سرگرمیوں و سفارشات کی باقاعدہ رپورٹ اسمبلی کو پیش کرے گا۔ممبر صوبائی اسمبلی سارہ احمد نے کوکس کمیٹی کی کنوینئر مقرر کرنے پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کمیٹی بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔