سکردو کے چار مختلف ہائی سکولز کو ہائر سکینڈری سکولوں کا درجہ دینے اور کالج آف ایجوکیشن میں ایوننگ کلاسز شروع کرنے کا نوٹیفکیشن جاری

182
سکردو کے چار مختلف ہائی سکولز کو ہائر سکینڈری سکولوں کا درجہ دینے اور کالج آف ایجوکیشن میں ایوننگ کلاسز شروع کرنے کا نوٹیفکیشن جاری

گلگت ۔11نومبر (اے پی پی):گلگت بلتستان کے وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا نے تعلیمی میدان میں ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا ، سکردو کے چار مختلف ہائی سکولز کو ہائر سکینڈری سکولوں کا درجہ دینے اور کالج آف ایجوکیشن میں ایوننگ کلاسز شروع کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے،

محکمہ اطلاعات کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سکردو گرلز ڈگری کالج میں طالبات کی تعداد زیادہ ہونے کے پیش نظر سکردو کے چار مختلف ہائی سکولز کو ہائر سکینڈری سکولوں میں تبدیل کیا گیا ہے جن میں گرلز ہائی سکول کھرگرونگ ،ہائی سکول سکمیدان ،ہائی سکول نمبر1 اور گرلز ہائی سکول گمبہ سکردو شامل ہیں

،اس موقع پر وزیر تعلیم نے بتایا کہ ضلع سکردو آبادی کے لحاظ سے بڑا ضلع ہےاور بلتستان ڈویژن کے چاروں اضلاع سے طلبا و طالبات کی کثیر تعداد حصول علم کیلئے سکردو کا رخ کرتی ہے جس کے باعث سکولوں میں طلباکی تعدا د میں ہر نئے سیشن میں بے تحاشہ اضافہ ہوتا جارہا ہے،طلبا و طالبات کو معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں

، انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان حکومت تعلیمی میدان میں طلباوطالبات کو درپیش مسائل دور کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی تاکہ خطے کا ہر بچہ تعلیم کے زیورسے آراستہ ہو ، انہوں نے بتایاکہ حکومت تمام اضلاع میں سکولوں اور کالجوں میں معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی کیلئے موثر حکمت عملی مرتب کرنے جاری ہے جوگلگت بلتستان میں تعلیمی شعبے میں انقلاب ثابت ہو گا۔

اس موقع پر سیکرٹری ایجوکیشن ضمیر عباس نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں پر عوام کا اعتماد بڑھتا جارہا ہے اور یہ ہنگامی بنیادوں پر اٹھائے گئے اقدامات اس بات کا واضح ثبوت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طلباء کی کردار سازی اور ان میں مثبت سوچ کے فروغ کیلئے والدین، اساتذہ سمیت کمیونٹی کو بھی اپنا رہنما کردار ادا کرنا ہوگا۔